16 نومبر، 2026، 10:25 AM

ہمسایہ ممالک کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں تاہم حملہ آوروں کے اڈوں کو نشانہ بنائیں گے، عراقچی

ہمسایہ ممالک کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں تاہم حملہ آوروں کے اڈوں کو نشانہ بنائیں گے، عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے کے ممالک کے ساتھ ایران کا کوئی بنیادی اختلاف نہیں۔ تاہم کسی بھی ملک کی سرزمین، فضائی حدود اور تنصیبات کو دوسرے ملک پر حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ ایران نے کہا ہے کہ ایرانی عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کرنے کے لیے عائد پابندیاں ان کے حوصلے پست کرنے کے بجائے اپنے جائز حقوق اور مفادات کے دفاع کے عزم کو مزید تقویت دے رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، اقتصادی تعاون تنظیم (ایکو) کے وزرائے خارجہ کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران گزشتہ دو برسوں سے سفارتی روابط اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے اپنے عزم پر قائم رہا ہے، تاہم امریکہ نے جارحیت، دھمکیوں، ٹارگٹ کلنگ، اقتصادی دباؤ اور ناکہ بندی کا راستہ اختیار کیا، جو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جارحانہ کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کے رہبر انقلاب، متعدد اعلیٰ سیاسی و فوجی حکام اور پانچ ہزار سے زائد ایرانی شہری شہید ہوئے، جن میں میناب کے اسکول کے 168 طلبہ اور اساتذہ بھی شامل ہیں۔

عراقچی کے مطابق خلیج فارس میں عدم استحکام اور آبنائے ہرمز کے گرد پیدا ہونے والی صورت حال امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف معاندانہ پالیسیوں اور جارحانہ اقدامات کا نتیجہ ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ اور تعمیری تعلقات کا خواہاں ہے اور خطے کے ممالک کے ساتھ اس کا کوئی بنیادی اختلاف نہیں۔ تاہم، کسی بھی ملک کی سرزمین، فضائی حدود اور تنصیبات کو دوسرے ملک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے جائز دفاعی اقدامات صرف جارح قوتوں کے فوجی اہداف اور اڈوں کے خلاف ہیں۔

عراقچی نے خطے کے ممالک کی قیادت میں ایک جامع اور حقیقی مکالمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی سلامتی کا نظام عدم جارحیت اور کسی تیسرے ملک کی جانب سے ایک ملک کی سرزمین یا تنصیبات کو دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی روک تھام کے اصولوں پر مبنی ہونا چاہیے۔

انہوں نے اقتصادی تعاون تنظیم کے کردار پر بات کرتے ہوئے تجارت، نقل و حمل اور توانائی کو علاقائی تعاون کے تین اہم ستون قرار دیا اور کہا کہ ان شعبوں میں تعاون سے خطے کے ممالک کی اجتماعی صلاحیت میں اضافہ اور بیرونی عوامل پر انحصار میں کمی آئے گی۔ انہوں نے ایکو کے تجارتی معاہدے (ایکوٹا) پر نظرثانی اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے مذاکرات کا بھی خیرمقدم کیا۔

عراقچی نے مزید کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کے علاقائی توانائی کی سلامتی پر بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر توانائی کے شعبے میں علاقائی تعاون ناگزیر ہو چکا ہے۔ خطے کو توانائی کی ترسیل کے تحفظ، مستحکم فراہمی اور بیرونی دباؤ سے پیدا ہونے والی کمزوریوں میں کمی کے لیے ایک قابلِ اعتماد اور پائیدار علاقائی نظام کی ضرورت ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مشکل حالات میں ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے والے ایکو کے رکن ممالک کا شکریہ بھی ادا کیا۔

News ID 1942890

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha